• news

کراچی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم تقسیم کے دوران بھگدڑ، 21خواتین زخمی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے کیماڑی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) گراؤنڈ کے قریب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 21 خواتین زخمی ہو گئیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے بتایا کہ ایک خاتون جاں بحق ہوئی ہے تاہم بعد ازاں وضاحت کی کہ ان کی حالت تشویشناک ہے۔ تھانہ جیکسن کے سٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) بابر حمید نے بتایا کہ کے پی ٹی گراؤنڈ میں نقد رقم وصول کرنے کیلئے بڑا مجمع اکٹھا ہوا جب خواتین اندر داخل ہوئیں تو دروازے کا لاک ٹوٹ یا کھل گیا جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی، ایس ایچ او نے افسوس کا اظہار کیا کہ پورے ضلع کیماڑی میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا صرف ایک تقسیمی مرکز ہے، جہاں نہ صرف مچھر کالونی، مشرف کالونی بلکہ کھارادر اور میٹھا در سے بھی خواتین نقد رقم وصول کرنے آتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 2 سے 3 ہزار خواتین جمع ہوئی تھیں۔ ایس پی بلدیہ ٹاؤن اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی تھی، اب صورتحال نارمل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن