بغاوت کیس: شہباز گل کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع
اسلام آباد (وقائع نگار+ آئن این پی) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں شہباز گل کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ اسلام آباد، فیصل آباد کی رہائش گاہوں اور ایف ایٹ کچہری کے باہر اشتہار چسپاں کرنے کا حکم دے دیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے ہدایت کی کہ شہباز گل کسی بھی پاکستانی ائیر پورٹ پر اتریں تو ڈی جی ایف آئی اے آگاہ کریں اور انہیں گرفتار کرلیا جائے۔ عدالت نے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی سے متعلق 26 جولائی تک تمام متعلق اداروں سے رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے ڈی سی اسلام آباد اور ڈی فیصل آباد سے شہباز گل کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات طلب کرلیں۔ عدالت نے نادرا کو شہباز گل کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ جبکہ عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ تعمیل رپورٹ دینے والے اے ایس آئی کا بیان ریکارڈ کیا۔ دوسری طرف انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں شہریار آفریدی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنما کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی گئی۔ عدالت نے شہریار آفریدی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ ساتھ ہی 10 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی۔