• news

صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کا دورۂ مری

راولپنڈی( نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے عید الاضحی پر مری میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جناح ہاؤس مری میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ، آر پی او راولپنڈی سید خرم علی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی، اے ڈی سی آر مری کیپٹن (ر) قاسم اعجاز اور دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ، ہائی وے، جنگلات، ریسکیو 1122،شہری دفاع، صحت اور دیگر متعلقہ محکموں نے اپنے منصوبوں کے متعلق آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ مری میں عیدالاضحی کیلئے انتظامات تسلی بخش ہیں۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ عید الاضحی کے حوالے سے بنائے گئے صفائی، سیکورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ پلانز پر سختی سے عمل کیا جائے اور سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ نے کہا کہ ٹریفک اور کم پارکنگ کی جگہ اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے فعال منصوبہ بندی کی گئی ہے۔آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے کہا کہ 700 پولیس فورس اور 300 ٹریفک وارڈنز مری میں مکمل طور پر الرٹ ہیں اور سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن