• news

وزیر آباد‘ سمبڑیال‘ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ‘ شہریوں کا شدید احتجاج

وزیرآباد (نامہ نگار) بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، شدید گرمی شہریوں کا جینا محال ہو گیا۔ ایک طرف شدید لوڈ شیڈنگ دوسری جانب  بجلی کے موٹے تگڑے بل عوام کا بھرکس نکال رہے ہیں۔ غریب اور متوسط طبقہ شدید مشکل میں، یو پی ایس سولر سسٹم اور جنریٹرز کے سبب  اپر کلاس بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو خاطر میں نہیں لاتا لیکن مڈل اور لوئر مڈل کلاس طبقہ رل کر رہ گیا ہے۔ جبکہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی 8 سے 12 گھنٹوں تک لے جایا جاتا ہے۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروباری طبقہ خصوصا کٹلری انڈسٹری اور کاٹیج انڈسٹری سارا سارا دن ہاتھ پر ہاتھ دھرے گزار دیتے ہیں۔ جبکہ سمبڑیال روڈ ڈسکہ کی پوری رات بجلی بند، مائوں کا اپنے بچوں کے ساتھ ایکسین دفترکے سامنے بارش میں احتجاج، گزشتہ رات ہونے والی بارش کے بعد سمبڑیال روڈ ڈسکہ کی بجلی پوری رات بند رہی۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں خواتین اور بچوں کا برا حال ہو گیا۔ صبح ہوتے ہی خواتین اپنے بچوں کے ہمراہ ایکسین واپڈا ڈسکہ کے دفتر گریڈ سٹیشن میں پہنچ گئیں اور وہاں پر انہوں نے ایکسین واپڈا ڈسکہ اور ایس ڈی او سب ڈویژن نمبر1ڈسکہ کیخلاف احتجاج کیا۔ ایکسین واپڈا ڈسکہ مظفر احمد گھمن کے دفتر باہر موجود خواتین اور بچوں نے بتایاکہ ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ معمولی سی ہوا یا بارش کا ایک قطرہ بھی آجائے تو پوری رات بجلی بندکر دی جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن