ملک کو درپیش چیلینجز سے نکالنے کیلئے اتفاق رائے کی ضرورت ‘پرویز اشرف
اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلینجز سے نکالنے کے لیے اتفاق رائے کی ضرورت ہے،موجودہ اتحادی حکومت ملک کو درپیش مسائل کے حل کے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں مالی مشکلات کے باوجود عام آدمی کو ریلیف دیا گیا ہے اور ان پر ٹیکسوں کا بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے شرپسند عناصر نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی اور جناح ہاس سمیت اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا ان واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، 9مئی کو ملک میں نفرت اور انتشار پھیلانے اور جھوٹا پروپیگینڈا کرنے والوں کا مکرو چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یونین کونسل جاتلی گوجر خان کے عمائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جاتلی گوجر خان سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف تحصیل گوجر خان کے بانی کارکن سابق فوکل پرسن یوتھ ونگ برائے انتظامی امور راجہ مبشر نذیر اور چوہدری مظہر نے پاکستان تحریک انصاف کو خیر آباد کہتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی شمولیت کا اعلان کیا ہے۔