کرتارپور میں 75برس سے بچھڑے مسلم، سکھ دوستوں کی ملاقات
کرتار پور (نوائے وقت رپورٹ) کرتار پور میں 75 سال سے بچھڑے مسلم اور سکھ دوستوں کی ملاقات ہوئی۔ دربار انتظامیہ کے مطابق 90 سالہ تاج محمد اوکاڑہ سے اور منوہر سنگھ جالندھر سے کرتار پور پہنچے تھے۔ تاج محمد کا خاندان جالندھر سے ہجرت کرکے اوکاڑہ آ گیا تھا۔ تاج محمد کی فرمائش پر منوہر سنگھ جالندھر کی مٹی لیکر آیا۔ تاج محمد اور منوہر سنگھ کا کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر رابطہ ہوا تھا۔ تاج محمد نے کہا کہ کرتار پور راہداری نے جالندھر کی مٹی اور دوست سے ملوا دیا۔ منوہر سنگھ اور تاج محمد نے کہا کہ 75 سال بعد ملن پر پاکستان حکومت کے مشکور ہیں۔