لیہ اراضی سکینڈل: چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن و بہنوئی اینٹی کرپشن پیش‘سوالنامہ دیدیا
لاہور+لیہ (خبر نگار+نیٹ نیوز) لیہ اراضی سکینڈل میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اور ان کے شوہراینٹی کرپشن انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔ اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ اور احد مجید عدالتی حکم پرانکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے، اینٹی کرپشن ٹیم نے سوالنامہ ڈاکٹر عظمیٰ اور ان کے شوہر کے حوالے کیا۔ ترجمان نے بتایا ملزموں کی جانب سے جواب دینے کیلیے مہلت مانگی گئی ہے اور ملزموں کی درخواست پر ان کو 5 جولائی تک وقت دیا گیا ہے۔ ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے انکوائری کمیٹی نے دونوں کو تمام ثبوتوں کے ساتھ 5 جولائی کو دوبارہ طلب کرلیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ لیہ اراضی کیس میں ملوث نائب تحصیلدار کی ضمانت عدالت نے خارج کردی ہے اور اینٹی کرپشن ٹھوس شواہدکی بنیاد پر لیہ اراضی کیس میں تحقیقات کر رہا ہے۔