تاجر‘صنعتکار اور ایکسپورٹرزہمارے ملک کا سرمایہ ہیں:کامران ٹیسوری
کراچی(کامرس رپورٹر)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ تاجر،صنعتکار اور ایکسپورٹرز ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں،کاروباری برادری ملکی استحکام کیلئے حکومت کے ساتھ ملکرجو جدوجہد کررہی ہے اس کے مثبت نتائج جلد ہی برآمد ہونگے،یہ حقیقت ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح بہت زیادہ بڑھ چکی ہے جبکہ برآمدی شعبوں کو پیداواری لاگت زیادہ ہونے سے عالمی مارکیٹ میں سخت مسابقت کا سامنا ہے لیکن وفاقی حکومت ان تمام مسائل پر قابو پانے کی کوششیں کررہی ہے اور جلد ہی پاکستان کے معاشی حالات سدھر جائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر جو وزیرصنعت وتجارت پنجاب بھی ہیں،کی قیادت میں گورنر ہاؤس میں ملنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ وفد میں یو بی جی کے صدر زبیرطفیل،چیئرمین سندھ ریجن خالدتواب، ایف پی سی سی آئی کے آئندہ الیکشن میں صدارتی امیدوار عاطف اکرام شیخ،ملک سہیل حسین،ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدر عامرعطا باجوہ،رضوان احسان،اسلم چاندی اورشیام لعل بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے وفد کو بتایا کہ گورنر ہاؤس میں عیدالاضحی کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)کلاسز شروع کرنے کا اہتمام کیا جارہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا بھرپور موقع ملے اور وہ ریجن کے دیگر ممالک کی طرح آئی ٹی سیکٹر میں نام پیدا کریں۔اس موقع پرایس ایم تنویر نے گورنر سندھ کی کاوشوں کو سراہا اور بتایا کہ ہم نے ملک بھر میں بزنس کمیونٹی کو ایک مستند پلیٹ فارم پر لانے کی جن کوششوں کا آغاز کیا تھا اس میں ہمیں بہت کامیابی ملی ہے۔