• news

ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان، پاک بھارت ٹاکرا، 15اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا

 نئی دہلی (سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے کرکٹ ورلڈ کپ کے آفیشل شیڈول کا اعلان کر دیا۔ورلڈ کپ شیڈول ممبئی میں خصوصی تقریب کے دوران جاری کیا گیا، شیڈول آئی سی سی 100 دن کے کانٹ ڈان کے موقع پر ریلیز کیا گیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ 12 وینیوز پر کھیلا جائے گا، ورلڈ کپ میں شامل 10 ٹیمیں 9، 9 میچ کھیلیں گی۔پہلا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد میں ہو گا۔پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون کے خلاف حیدر آباد دکن میں کھیلے گا جبکہ قومی ٹیم کا دوسرا میچ 12 اکتوبر کو کوالیفائر 2 کے خلاف حیدرآباد دکن میں ہو گا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہو گا، قومی ٹیم 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف بنگلورو کے میدان میں اترے گی۔پاکستان ٹیم 23 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف چنئی میں میچ کھیلے گی اور 27اکتوبر جنوبی افریقہ جبکہ31اکتوبر کو بنگلادیش سے میچ کھیلے گی۔پاکستان ٹیم 4نومبر کو نیوزی لینڈ اور 12نومبر کو انگلینڈ سے آخری گروپ میچ کھیلے گی۔15 نومبر کو ممبئی میں ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کھیلا جائے گا جبکہ 16 نومبر کو دوسرا سیمی فائنل ہو گا۔ورلڈ کپ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز رواں برس بھارت میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کی ٹرافی ٹور کا منفرد انداز میں خلا سے آغاز ہوا تھا۔ٹرافی کو زمین سے ایک لاکھ 20 ہزار فٹ بلندی پر خلا میں بھیجا گیا جہاں سے ٹرافی احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اتری۔آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی آج سے بھارت کے مختلف شہروں میں لے جائی جائے گی جبکہ ٹرافی 31 جولائی سے 4 اگست تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن