فرانس میں پولیس فائرنگ سے نوجوان ہلاک‘ ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے
پیرس (نوائے وقت رپورٹ) فرانس میں پولیس کی جانب سے نوجوان کو گولی مارنے کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ متعدد مقامات پر مظاہرین نے گاڑیاں نذرآتش کر دی ہیں۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق پیرس میں ٹریفک سٹاپ کے دوران پولیس کی طرف سے ایک نوجوان کو گولی مارنے کے واقعہ نے ملک کے مضافاتی علاقوں کو راتوں رات ہلا کر رکھ دیا ہے اور مشہور شخصیات نے بھی قتل پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ پولیس نے قتل کے بارے میں ابتدائی طورپر جھوٹ کا سہارا لیا۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ 17 سالہ نوجوان نیل ایم کو دو پولیس اہلکاروں نے منگل کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر پکڑ لیا۔ پولیس نے ابتدائی طورپر بتایا کہ ایک افسر نے نوجوان پر گولی چلائی کیونکہ وہ اپنی گاڑی افسر کی طرف چلا رہا تھا‘ لیکن ویڈیو واقعات کے اس ورژن کے برعکس ہے۔ فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ دو پولیس اہلکار سٹیشنری کار کے کنارے کھڑے ہیں‘ جن میں سے ایک ڈرائیور کی طرف ہتھیار سے اشارہ کر رہا ہے۔ ایک آواز سنائی دیتی ہے کہ تمہیں سر میں گولی لگنے والی ہے۔
فرانس/ مظاہرے