آپریشن ، جھڑپ ، سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث4 دہشتگرد ہلاک 3 زخمی
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ڈسٹرکٹ خیبر کے علاقے تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک 3 زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے عنایت قلعہ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ اس دوران فورسز اور دہشتگردوں کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے تین دہشتگرد مارے گئے۔ جن میں ایک کمانڈر شفیع بھی شامل ہے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ تینوں دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ فورسز نے ڈسٹرکٹ خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ ہلاک دہشتگرد سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ جبکہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک افواج کے ترجمان کے مطابق فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
دہشتگرد ہلاک