• news

حاضر سروس کا کورٹ مارشل ہو سکتا ہے تو سابق کا بھی ہونا چاہئے: جاوید لطیف

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے پروجیکٹ چیئرمین پی ٹی آئی لانچ کرنے والوں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ جاوید لطیف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اگر ایک ادارہ خود احتسابی اپنے سے شروع کرتا ہے تو یہ اچھا پیغام ہے، تمام اداروں کو خود احتسابی کے عمل سے گزرنا چاہیے، انصاف فراہم کرنے والا ادارہ بھی خود احتسابی کے عمل سے گزرے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ حاضر سروس کے ساتھ ساتھ اس پراجیکٹ کو لانچ کرنے والوں کو گرفتار کر کے سزا نہ ملی تو نو مئی جیسا واقعہ دوبارہ ہو سکتا ہے، اگر حاضر سروس لوگوں کا کورٹ مارشل ہو سکتا ہے تو سابق لوگوں کا بھی ہونا چاہیے، ہمارا ہدف صرف ان لوگوں کو سزا دینا نہیں تھا، ہمارا ہدف وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے پاکستان میں بدامنی اور معاشی بدحالی آئی۔ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ جو جو نو مئی میں ملوث ہیں ان کو چوک چوراہوں میں لٹکایا جائے، نو اور دس مئی کے ماسٹر مائنڈ کو کوئی رعایت ملے گی تو قوم اسے برداشت نہیں کرے گی۔ جاوید لطیف نے کہا کہ سہولت کار اور ماسٹر مائنڈ کو وہ جتنا بھی طاقتور ہو اسے سزا ملنی چاہیے، جو لوگ آئین سے ماورا قدم اٹھاتے ہیں ان پر تنقید کرنا اور ان کا احتساب کرنا لازم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن