آسٹریلیا ، ہیلی کاپٹر کے حادثے میں پائلٹ ہلاک
کینبرا(اے پی پی)آسٹریلیا کے علاقے آٹ بیک میں واقع مویشی اسٹیشن میں ایک رابنسن۔آر22 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 1 پائلٹ ہلاک ہو گیا ہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا میں ہیلی کاپٹر چارٹر کمپنی ٹاپ اینڈ مسٹرنگ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ شمالی علاقہ جات کے شہر ڈارون کے جنوب میں تقریبا 1,000 کلومیٹر دور لمبونیا اسٹیشن پر معمول کی کارروائی کے دوران ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کو آج ایک انتہائی تجربہ کار پائلٹ کی موت پر افسوس ہے۔ واضح رہے کہ وسطی اور شمالی آسٹریلیا کے مویشی اسٹیشنوں پر مویشیوں کو تلاش کرنے اورکسانوں کی مدد کے لیے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا جاتا ہے اور بعض اوقات مویشیوں کو مثر طریقے سے کنٹرول کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر کو زمین سے صرف میٹر اوپر اڑانا پڑتا ہے۔