• news

آرمی چیف ، وزیراعظم نے عید پارہ چنار میں فوجی جوانوں کیساتھ منائی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہبازشریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے عید کا دن فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا۔ وزیراعظم شہبازشریف وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ محمد آصف اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ عیدکے دن پاکستان اور افغانستان کی سرحد ی مقام پارہ چنارپہنچے ۔وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف نے عید کی نماز فوج کے افسروں اور جوانوں کے ساتھ ادا کی اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے فوج کے اعلیٰ جذبے، عسکری تیاری اور اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی۔ جوانوں اور افسران سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہاکہ چیف آف آرمی سٹاف کیساتھ عید کا دن آپ کے ساتھ گزار رہا ہوں تاکہ مادروطن کی سرحدوں کی جرات وبہادری سے حفاظت کرنے والے اپنے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں اورجذبوں کو خراج تحسین پیش کروں۔ وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسر اور جوان اپنے ذاتی آرام اور سکون کو چھوڑ کر وطن عزیز کے تحفظ، دفاع اور سلامتی کا عظیم فریضہ انجام دیتے ہیں، موسم اور حالات کی سختیوں کو برداشت کرتے ہیں اور ہر طرح کی مشکلات اور مصائب کا سامنا کرکے مادر وطن کی سرحدوں کا پہرہ دیتے ہیں جس پر قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن تباہ کرنے، دہشت گردی کرنے والوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے لئے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے، پاکستانی قوم کی پاکستانیت نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنادیا، اْن قوتوں کو شکست ہوئی جو اپنے مذموم ایجنڈے کے لئے قوم میں تقسیم اور دراڑپیدا کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ شہدا ء پاکستان اور قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، اْن کی عزت وحرمت ہمیں ہر چیز پر مقدم ہے۔ وزیراعظم نے شہداء کی یادگار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ قبل ازیں آمد پر چیف آف آرمی سٹاف نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کمانڈر 11 کور کے علاوہ صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر موجود تھے۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی  ایف سی کے افسروں اور جوانوں کے لئے بڑی خوشخبری  سنا دی ،اور  ایف سی  کی تنخواہیں پاک فوج کے برابر کردیں  ایف سی کی تنخواہوں میں پاک فوج کے مقابلے میں فرق تھا جسے وزیراعظم نے ختم کرنے کا اعلان کیا  ،وزیراعظم شہباز شریف نے یہ اعلان پاک افغان سرحد پر پاڑہ چنار کے دورے کے موقع پر گزشتہ روز خطاب میں کیا وزیراعظم نے یہ اقدام ایف سی کی ملک وقوم کے لئے خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن