• news

مسلسل تیسری شکست ‘ویسٹ انڈیز پہلی بار ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی نہ کرسکا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ورلڈ کپ کوالیفائر سپر سکس میں سکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی جس کیساتھ ہی ویسٹ انڈیز ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز کے گروپ مرحلہ میں زمبابوے اور نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم سپر سکس مرحلے کے میچ میں سکاٹ لینڈ سے بھی ہار گئی۔ ہرارے میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر سپر سکس میں سکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جیسن ہولڈر 45 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے، روماریو شیفرڈ نے 36 رنز بنائے۔ برینڈون مک مولن نے تین کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ 182 رنزکا ہدف سکاٹ لینڈ نے 44 ویں اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا اور 7 وکٹوں سے شکست دی۔ میتھیو کراس نے 74 رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیلی جبکہ برینڈن میکلم نے 69 رنز بنائے۔ شکست کے ساتھ ہی دو مرتبہ کا عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز پہلی بار ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہ کرسکا۔یہ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں ویسٹ انڈیز کی مسلسل تیسری شکست تھی جس کے بعد وہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔بھارت میں ہونے والا کرکٹ ورلڈ کپ 2023 ویسٹ انڈیز کے بغیر ہونے والا پہلا ورلڈ کپ ہوگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن