معاشی بہتری کیلئے ملاقاتیں، نواز شریف نے دبئی میں قیام بڑھادیا
دبئی (نیٹ نیوز+ آئی این پی) نواز شریف کے دبئی میں قیام کی مدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کی ابھی متعدد اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں اور وہ دبئی میں مزید ایک ہفتہ قیام کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی نظام کی بہتری کیلئے صلاح مشورے ہو رہے ہیں۔ دوست ممالک اور سرمایہ کار پاکستان میں سیاسی استحکام کے خواہشمند ہیں۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شزیف گزشتہ کئی روز سے دبئی میں قیام پذیر ہیں اور انہوں نے فیملی کے افراد کے ساتھ عید بھی دبئی میں ہی منائی۔ مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی دبئی میں اپنے والد کے ساتھ موجود ہیں۔ عید کے دوسرے روز نواز شریف نے پٹرولیم سیکٹر سے وابستہ غیرملکی وفود سے ملاقات کی۔ ملاقات میں معاشی نظام کی بہتری کیلئے آئل سیکٹر میں سرمایہ کاری پر گفتگو کی گئی۔ غیرملکی وفود سے ہونے والی ملاقات میں پٹرولیم مصنوعات میں استحکام سے ملکی معیشت میں بہتری لانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کئی دوست ممالک کی طرف سے معاشی سرگرمی اور سرمایہ کاری پر نواز شریف کے ساتھ تبادلہ خیال جاری ہے۔