نگران وزیر اطلاعات کا صفائی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کے دورہ
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر کی زیر نگرانی لاہور انتظامیہ اور ایل ڈبلیو ایم سی کا صفائی آپریشن عید کے تیسرے دن بھی جاری رہا۔ عامر میر نے مسلسل عید کے تیسرے دن بھی صفائی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کیے۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کیمپ لبرٹی چوک کا دورہ کیا۔ نگران وزیر اطلاعات و بلدیات نے نہر اور دوبئی چوک گندے نالے میں آلائشوں کی موجودگی اور ہٹائے جانے کے عمل کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں وزیر بلدیات جوہر ٹاؤن گئے اور ملحقہ علاقوں میں گئے۔ انہوں نے گڑھی شاہو قبرستان کا بھی جائزہ لیا۔ جناح ہسپتال کے پاس آلائشوں کی موجودگی پر نگران وزیر بلدیات کی جناب سے فوری صفائی کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عامر میر نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر تمام وزراء عید صفائی آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔ پچاس ہزار ٹن آلائشیں شہر سے ہٹائی گئیں جبکہ شہر بھر سے ساٹھ ہزار ٹن آلائشیں ہٹائے جانے کا ٹارگٹ مکمل کر لیا ۔