• news

شاہین آفریدی پہلے ہی اوور میں 4وکٹیں لینے والے پہلے بائولر

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)برطانیہ میں جاری ٹی ٹونٹی سیریز بلاسٹ میں برمنگھم بیئرز کے خلاف شاہین آفریدی میچ کے پہلے ہی اوور میں چار وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بائولر بن گئے۔انہوں نے برمنگھم بیئرز کے خلاف ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے اوور کی پہلی، دوسری، پانچویں اور چھٹی گیند پر وکٹ لیں۔شاہین آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو بولڈ، ایک کو ایل بی ڈبلیو کیا جبکہ ایک کھلاڑی کیچ آئوٹ ہوا، اپنے 4 اوورز میں شاہین آفریدی 29 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ میچ میں ناٹنگھم شائر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے  برمنگھم بیئرز کو 169 رنز کا ہدف دیا تھا۔فاسٹ بائولرشاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں 4 وکٹ لینے کو کیرئیر کا یادگار لمحہ قرار دیدیا۔انہوںنے کہا کہ ٹی 20 بلاسٹ میں پہلے بھی 1 اوور میں چار وکٹیں لے چکا ہوں، زبردست پرفارمنس کے باوجود میچ ہارنے کا دکھ ہے۔ شائقین نے گراؤنڈ میں جو سپورٹ دی لگتا تھا کہ میچ لاہور میں ہو رہا ہے، فینز کی سپورٹ ہو تو کوشش ہوتی ہے کہ بہترین پرفارمنس دیں۔ عید پر کچھ خاص نہیں کیا، ہماری عید بس ایسے ہے کہ نماز پڑھ کر گھر آ گئے، وہ لوگ خوش قسمت ہیں جو فیملی کیساتھ عید منا رہے ہیں۔ الحمداللہ ٹی 20 بلاسٹ میں اب تک کی پرفارمنس اچھی رہی، ناٹنگھم شائر آؤٹ لاز کیساتھ جو وقت گزارا اسے خوب انجوائے کیا۔

ای پیپر-دی نیشن