• news

اسلامی ممالک سویڈن سے تعلقات ختم کریں‘ پاکستان سفیر کو ملک بدر کرے: سراج الحق

لاہور‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سویڈن کے سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا ہے اور عالم اسلام سے بھی اپیل کی ہے کہ اجتماعی غیرت اور حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپی ملک سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔ جندول ثمر باغ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ سویڈن حکومت کی سرپرستی میں قرآن کریم کی بے حرمتی کی ناپاک جسارت ہوئی جس کا اسلامی ممالک کی جانب سے بھی سرکاری سطح پر بھرپور ردعمل دیا جانا چاہیے۔ واقعہ اسلامو فوبیا کا مظہر ہے اور 58 اسلامی ممالک اور پونے دو ارب مسلمانوں کے ایمان کے لیے چیلنج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سویڈن میں قرآن کریم کی سرکاری سرپرستی میں بے حرمتی سے واضح ہے کہ مغربی استعماری ممالک مسلمانوں کو کسی قسم کی اہمیت دینے کو تیار نہیں۔ مغرب کا اپنا نظام بری طرح ناکام ہوچکا ہے اور اب وہ اسلام کی حقانیت تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام پوری کائنات کے لیے امن و محبت کا پیغام ہے۔ مغربی نظام نے انسانیت کو جنگ و جدل، خون خرابہ، فحاشی اور غربت دی۔ اسلامی ممالک اور پاکستان کی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سویڈن کے واقعہ پر شدید سے شدید تر ردعمل دیں اور مسلمانوں کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی جائے، پہلے مرحلے میں تمام عالم اسلام سے سویڈن کے سفیروں کو نکالا جائے۔ او آئی سی حرکت میں آئے۔ جماعت اسلامی واقعہ کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن