ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی کراچی سمیت 9 نئے صوبے تشکیل دینے کی تجویز
اسلام آباد(نیٹ نیوز) سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی نے مزید 9 نئے صوبے تشکیل دینے کی تجویز پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کراچی کو بھی ایک صوبہ ہونا چاہیے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں انہوں نے سابقہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) اور ہزارہ ضلع کو اپنے صوبے بنانے کےساتھ پنجاب اور بلوچستان کو تین تین صوبوں میں تقسیم کرنے کی وکالت کی۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کراچی کو مکمل طور پر الگ صوبہ بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا ”فاٹا کو الگ صوبہ بنایا جائے اور ہزارہ کے لیے بھی ایک صوبہ بنایا جائے۔“مرزا محمد آفریدی نے مزید کہا پاکستان میں جتنے صوبے ہوں گے اتنا ہی بہتر ہوگا۔ پی پی پی کے اعتراضات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا 18ویں ترمیم کی گئی اور نیشنل فنانس کمشن(این ایف سی) ایوارڈ کیا گیا، ٹھیک اسی طرح جب نئے صوبے بنیں گے تو این ایف سی ایوارڈ بھی اسی طرح تقیسم کردیا جائے گا۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا مذکورہ صوبے بن جاتے ہیں تو وہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت مالی بجٹ میں سے اپنا حصہ وصول کرتے رہیں گے۔
ڈپٹی چیئرمین سینٹ