8 ہزار بجلی کا بل ادا کرنےوالا دل کا مفت علاج نہیں کراسکتا:پنجاب حکومت
لاہور(نیوزرپورٹر،نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کی سہولت حکومت کی جانب سے ختم نہیں کی گئی بلکہ اسے ٹارگٹڈ کردیا گیا۔ نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراطلاعات عامر میر کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کی سہولت 2015میں نواز شریف کے دور میں متعارف کروائی گئی ابتدائی دور میں سہولت صرف اور صرف غریبوں کیلئے تھی لیکن ٹیریان کے ابو نے یہ سہولت سب کیلئے کردی تھی۔ ہر غریب امیر اس سے علاج کروارہا تھا، جس کے بعد ایک مافیا بن چکا تھا۔ایک ایک پرائیویٹ ہسپتال کا بل کروڑوں روپے بن گیا۔نگران وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے صحت کارڈ پر کارڈیالوجی کی سہولیات ختم کرنے بارے بتایا کہ صحت کارڈ کے ذریعے کارڈیالوجی کی سہولیات بلاتعطل جاری رہیں گی،8 ہزار بجلی کا بل ادا کرنے اور بیرون ملک سفر کرنے والا صحت کارڈ پر دل کا مفت علاج کرانے کا اہل نہیں ہو گا۔ حکومت پنجاب انشورنس کمپنی کے ساتھ نیا معاہدہ کرنے جارہی ہے، عوام کوصحت کارڈ کے ذریعے سہولیات فراہم کرنے کیلئے مزید بہتری لارہے ہیں۔وزیرصحت پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ صحت کارڈ بند کررہے ہیں نہ ہی کارڈیالوجی کی سہولیات کو محدود کررہے ہیں بلکہ صحت کارڈ کے ثمرات اصل حق داروں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔