چمن: جیل سے فرار 13 قیدیوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری
چمن (نوائے وقت رپورٹ) چمن کی پولیس سب جیل سے 17 قیدی عید کی صبح اس وقت فرار ہوئے جب سکیورٹی کے عملے نے نماز کیلئے بیرکس کھولیں۔ قیدیوں نے عملے پر حملہ کر کے ہتھیار چھینے اور بھاگ نکلے۔ غفلت برتنے پر جیل کا پورا عملہ معطل کر دیا گیا اور نئے عملے نے چارج سنبھال لیا۔ کوئیک رسپانس فورس نے فرار ہونے والے 17 قیدیوں کا پیچھا کیا۔ آپریشن میں ایک قیدی ہلاک 2 کو زخمی کر دیا گیا جبکہ ایک قیدی کو قریبی آبادی سے دوبارہ گرفتار کر لیا۔ بلوچستان پولیس کا کہنا ہے کہ 13 فرار قیدیوں کیلئے سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے قیدیوں کے فرار کی ذمہ داری چمن کی ضلعی پولیس پر ڈال دی ہے۔ غفلت برتنے پر جیل عملے کے ساتھ پولیس کوئیک رسپانس فورس اور سی آئی اے کے انچارج کو تو تبدیل کر دیا گیا ہے‘ تاہم ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ تقریباً ایک صدی قبل تعمیر ہونے والی یہ سب جیل انتہائی خستہ حال ہے جس پر آج تک توجہ نہیں دی گئی۔ سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔ نہ ہی نگرانی کا کوئی واچ ٹاور بنایا گیا ہے۔ جیل کے مین گیٹ پر عام گھریلو تالے لگے ہیں جبکہ دیواروں پر نہ کوئی خاردار تار لگی ہے نہ ہی جیل کے باہر کوئی سکیورٹی چیک پوسٹ بنائی گئی ہے۔
قیدی فرار