• news

ایشیائی ٹیمیں فیورٹ ‘پاکستان ورلڈ کپ جیت سکتا ہے : سرفراز احمد


 لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق ٹیسٹ کپتان اور دورہ سری لنکا کیلئے پاکستان سکواڈ میں شامل وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی کپ اپنے نام کرسکتا ہے۔ اس مرتبہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ایشیا میں منعقد ہو رہا ہے، اس لحاظ سے کسی ایشیائی ٹیم کو ہی عالمی کپ جیتنا چاہیے، امید ہے کہ پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائےگا۔ مجھے لگتا ہے کہ عالمی کپ کی ٹاپ فور ٹیموں میں بیشتر کا تعلق ایشیا سے ہوگا، عالمی کپ میں شرکت سے قبل پاکستانی ٹیم کو جتنے زیادہ پریکٹس میچز کھیلنے کا موقع ملے گا وہ ہماری ٹیم کیلئے زیادہ سود مند رہے گا، پریکٹس میچز میں ہار جیت سے زیادہ فرق نہیں پڑتا۔دورہ سری لنکا کے حوالے سے سوال کے جواب میں وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ کراچی میں قومی تربیتی کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے، کراچی اور سری لنکا کے موسم میں قدر مماثلت ہونے سے ہمارے کھلاڑیوں کو ٹریننگ کا فائدہ پہنچے گا جبکہ ٹیسٹ میچز سے قبل پریکٹس میچز کا انعقاد بھی سودمند ثابت ہوگا۔وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا نائب کپتان بنائے جانے کے اعلان کے بعد ان کی قومی ٹیم میں جگہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں محمد سرفراز احمد نے کہا کہ اس ضمن میں کپتان یا ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، وہی زیادہ بہتر جانتے ہیں کہ اس سلسلے میں کیا پلاننگ ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن