سابق باکسنگ چیمپئن عامر خان کا ایک اور سکینڈل سامنے آگیا
لندن+لاہور (نوائے وقت رپورٹ+سپورٹس رپورٹر ) انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے سابق باکسنگ چیمپئن عامر خان کا ایک اور سکینڈل سامنے آگیا۔ برطانوی میڈیا نے برطانیہ میں عامر خان کا ماڈل سمیرا سے رابطوں کا بھانڈا پھوڑ دیا، ازدواجی زندگی میں مشکلات سے دوچار رہنے کے باوجود عامر خان نے ماڈل سمیرا سے رابطہ رکھا، ملنے اور تصاویر بھیجنے کے پیغامات بھیجے اور ٹیٹو کی تعریف بھی، ماڈل سمیرا نے بھی عامر خان کو تصاویر بھیجیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے سمیرا کو بتایا ان کی شادی ایک کاروباری انتظام تھا، وہ اور فریال کم ہی اکٹھے رہے ہیں لیکن جب عامر خان نے شادی کی دسویں سالگرہ پر بیوی فریال اور بیٹی کی تصاویر شیئر کیں تو سمیرا نے رابطہ ختم کر دیا۔برطانوی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے بعد میں دونوں کے درمیان دوبارہ رابطہ شروع ہوا اور تصاویر بھیجنے کا سلسلہ بحال ہو گیا لیکن دوبارہ ناچاقی پر رابطے پھر ٹوٹ گئے۔سپورٹس رپورٹر کے مطابق سابق عالمی باکسر عامر خان نے ماڈل سمیرا کی جانب سے لگائے الزامات کو مسترد کر دیا۔انہوںنے کہا ماڈل سمیرا سے شادی کاروباری ہونے جیسی کوئی بات نہیں کی، میں اپنی فیملی کے ساتھ خوش ہوں۔ سمیرا نے اپنا ہاتھ ٹھیک کرانے کیلئے 20 ہزار پاؤنڈ مانگے، انکار پر ایشیائی ماڈل مجھے 20 ہزار پاؤنڈ کیلئے بلیک میل کرتی رہی۔میرے بلیک میل ہونے سے بچنے پر ماڈل سمیرا نے مقامی اخبار کو سٹوری فروخت کی، میرا اور ماڈل سمیرا کا رابطہ اور تصاویر کا تبادلہ رہا لیکن ایسا رابطہ نہیں رہا جیسا ماڈل سمیرا نے اخبار کو بتایا۔ماڈل سمیرا مجھ سے خود رابطے کرتی تھی، سمیرا نے بتایا وہ اپنے خاندان سے خوش نہیں، دور رہنا چاہتی ہے، سمیرا مجھ سے ٹیٹو کی شرعی حیثیت کے حوالے سے بھی پوچھا کرتی تھی۔عامر خان ان دنوں بیوی اور تین بچوں کیساتھ سیر و سیاحت کیلئے دبئی میں موجود ہیں۔