بغیر پرمٹ حج کرنے کی کوشش پر17ہزار 615 افراد گرفتار
جدہ (اے پی پی)سعودی محکمہ امن عامہ نے جمعہ تک 17 ہزار سے زیادہ افراد کو بغیر اجازت حج کرنے کی کوشش پر گرفتار کیا ہے۔ سعودی نیوز کے مطابق سعودی محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر اورحج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ محمد البسامی نے کہا ہے کہ سکیورٹی حکام نے مجموعی طور پر 17 ہزار 615 ایسے افراد کو پکڑا ہے جن کے پاس باضابطہ حج اجازت نامے نہیں تھے۔ ان میں نو ہزار 509 اقامہ ولیبر قوانین اور بارڈر سکیورٹی کی خلاف ورزی کرنے والے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2 لاکھ دو ہزار 695 ایسے افراد جن کے پاس حج پرمٹ نہیں تھا مکہ کے انٹری پوائنٹس سے واپس بھیجا گیا ہے۔ایک لاکھ 28 ہزار 999 گاڑیاں جن کے پاس مکہ مکرمہ اور حج مقامات میں داخلے کا اجازت نامہ نہیں تھا انہیں بھی واپس کیا گیا۔محمد البسامی نے کہا کہ حج پرمٹ نہ رکھنے والے عازمین کو منتقل کرنے والے 33 ٹراٹسپورٹرز کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حج سیکیورٹی فورسز نے سکیورٹی اور آرگنائزیشنل منصوبوں کو بہترین کارکردگی اور پروفیشنل مہارت کے ساتھ نافذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں جعلی حج مہم چلانے والے 105 افراد کو بھی حراست میں لے کر پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا ہے۔