اسرائیل کا شام کے فضائی دفاعی نظام پر میزائلوں سے حملہ، انفراسٹرکچر کو نقصان
دمشق(نوائے وقت رپورٹ)اسرائیل نے شام کے شہر حمص پر حملہ کرتے ہوئے میزائل داغ دیے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے فائر کیے جانے والے میزائلوں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے کچھ حصوں پر پرواز کی اور حمص شہر کے آس پاس کے مقامات کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے شام کی فضائی دفاعی بیٹری پر حملہ کیا جہاں سے اسرائیل کی طرف ایک میزائل داغا گیا تھا۔اس کے علاوہ لڑاکا طیاروں نے دیگر ٹارگٹڈ علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ترجمان کی جانب سے ایک ٹوئٹ کی گئی تھی جس میں شام کی جانب سے اسرائیل پر میزائل سے حملہ کیے جانے کا بتایا گیا تھا اور ساتھ یہ بھی بتایا کہ حملے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔خیال رہے کہ اسرائیل نے حالیہ مہینوں میں شام کے ہوائی اڈوں پر حملے تیز کر دیے ہیں تاکہ ایران کی جانب سے شام اور لبنان کے اتحادیوں بشمول لبنان کی حزب اللہ کو ہتھیار پہنچانے کے لیے فضائی سپلائی لائنوں کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکا جاسکے۔