عالمی ادارہ نے تباہ شدہ معیشت کو بہتر بنانے کاآخری موقع فراہم کر دیا: مرتضیٰ مغل
اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضی مغل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے قرضہ منظور کر کے پاکستان کو تباہ شدہ معیشت کو بہتر بنانے کاآخری موقع فراہم کر دیا ہے۔ آئی ایم ایف نے معاشی بحالی کا روڈ میپ بھی دے دیا ہے جس پرمکمل عمل درآمد ضروری ہے۔ ڈاکٹر مرتضی مغل نے کہا کہ اب اگلے مہینے کے وسط تک آئی ایم ایف کے بورڈ کی جانب سے قرضے کی منظوری کا امکان ہے مگر اس سے قبل ہی کاروباری برادری کا اعتماد لوٹ رہا ہے جبکہ عالمی برادری اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نظر میں پاکستان کی ساکھ بھی بہتر ہو رہی ہے۔ڈاکٹر مغل نے کہا کہ اب پاکستان عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، سعودی عرب، عرب امارات اور چین سے مزید قرضے حاصل کر سکے گاجس کی مدد سے غیرملکی قرضہ واپس کیا جا سکے گا۔موجودہ حکومت کے بعد نگران حکومت کو بھی عالمی ادارے کے پلان کے مطابق چلنا ہو گا تاکہ معاملات بہتری کی طرف بڑھ سکیں۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 3 بار عالمی برادری کی سربراہ سے فون پر بات کی اور 3 بار ملاقات کی جس کی وجہ سے قرض کی راہ ہموار ہوئی اور ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ہے۔