• news

کابینہ اجلاس ، نئے جی او آر، داتا دربار توسیعی منصوبے کی منظوری ، ہسپتالوں کے ایم ایس کو مالی خودمختاری 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 19 ویں اجلاس میں عیدالاضحی پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات پر صوبائی وزرائ، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سالڈ ویسٹ کمپنیوں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔ کابینہ نے پنجاب کے بے گھر سرکاری ملازمین کے رہائش کے مسائل کے حل کے لئے نئے جی او آر تعمیرکرنے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رہائشی کالونی کی تعمیر کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ کابینہ نے لاہور رنگ روڈ کے ایس ایل تھری پراجیکٹ اور نیازی چوک سے بابو صابو تک ایلی ویٹڈ پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے، داتا دربار کے توسیعی منصوبے کی منظوری دی گئی۔ محسن نقوی نے توسیعی منصوبے کےلئے ایکوائر کی جانے والی اراضی کے مالکان کو مارکیٹ ریٹ پر ادائیگیوں کی ہدایت کی۔ کابینہ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان ”آپ کی بلدیہ، ہیلپ لائن 1198“ کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کی منظوری دی۔ پبلک پراسیکیوٹرز کی ٹریننگ کے لئے سنٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ آف پبلک پراسیکیوٹرز کے لئے پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس 2011 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس کو مالی خود مختاری دینے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ایم ایس 10ملین روپے تک کے اخراجات خود کر سکیں گے۔ پنجاب کابینہ نے فنانشنل پاورز کو ایم ایس تک تفویض کرنے کے فیصلے کی منظوری دی۔ ملتان میں نشتر انسٹی ٹیوٹ آف آپتھالمولوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز کے قیام اور سرکاری کالجز میں پرنسپلز کی تعیناتی کیلئے نظرثانی شدہ طریقہ کار، پنجاب حکومت کے اکاﺅنٹس برائے مالی سال 2022-23 کی آڈٹ رپورٹ موٹر وہیکل رجسٹریشن دستاویزات/فائلز کی سکیننگ کے حوالے سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان معاہدے کے مسودے، اوکاڑہ آرٹس کونسل کا انتظام لاہور آرٹس کونسل سے واپس لے کر پنجاب آرٹس کونسل کے سپرد کرنے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب میں بزرگان دین کے مزارات کی تزئین و آرائش اور توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے مرحلہ وار پروگرام کے تحت مزارات کی تزئین و آرائش اور توسیع کے پروگرام کی منظوری دے دی۔ پہلے مرحلے میں ملتان میں حضرت شاہ شمس تبریزؒ، قصور میں حضرت بابا بلھے شاہؒ، پاکپتن میں بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ اور لاہور میں حضرت سید عزیزالدین پیر مکیؒ کے مزارات کی تزئین و آرائش اور توسیع ہوگی۔ محسن نقوی نے بی بی پاکدامن کے مزار کی توسیع کے کام کو محرم الحرام سے قبل مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے تربت کے قریب دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ سے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے ملاقات کی جس میں حکومت پنجاب سے متعلق عدالتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن