بجلی کا بحران برقرار، بدترین لوڈشیڈنگ، شارٹ فال 3200 میگاواٹ ، گرمی سے شہری بلبلا اٹھے
اسلام آباد (نامہ نگار) ملک میں بجلی کا بحران برقرار اور بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ بجلی کا مجموعی شارٹ فال 3200 میگاواٹ ہو گیا۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا مجموعی شارٹ فال 3200 میگاواٹ ہو گیا۔ بجلی کی مجموعی طلب 22200 میگاواٹ جبکہ رسد 19000 میگاواٹ ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ بڑے شہروں میں 3 گھنٹے‘ چھوٹے شہروں‘ دیہات میں 4 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ادھر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) ذرائع کے مطابق لیسکو کو تقریباً 100 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔ لیسکو کی مجموعی طلب 3600 میگاواٹ جبکہ رسد 3500 میگاواٹ ہے۔ دوسری جانب دیہی اور چھوٹے شہروں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ اب بھی برقرار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 7 سے 8 گھنٹے سے زائد ہو گیا ہے۔ گرمی میں صارفین کا برا حال ہے اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔