لاہور ہائیکورٹ نے چیئر مین پی سی بی کے انتخابات کرانے کی اجازت دیدی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا انتخاب کروانے کی اجازت دیدی۔ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین نے تمام دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کے خلاف حکم امتناعی واپس لے لیا۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بنائے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا دیا، پی سی بی الیکشن کمشنر نے غیر آئینی اقدام کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کےنوٹیفیکیشن کوکالعدم قرار دیا۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ پی سی بی کے الیکشن کمشنر نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے نیابورڈ آف گورنرز تشکیل دیا، پی سی بی الیکشن کمشنر کا ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیر آئینی قرار دیاجائے اور عدالتی فیصلے آنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دیاجائے۔جسٹس انوار حسین نے چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کے خلاف تمام درخواستیں یکجا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردیں۔لاہور ہائی کورٹ نے درخواستیں یکجا کرنے کیلئے چیف جسٹس کو بھجوا دیں۔واضح رہے کہ بلوچستان، لاہور اور پشاور کی ہائیکورٹس نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے انتخابات روکنے کا حکم دیا تھا۔لاہور اور پشاور کی ہائیکورٹس نے وفاقی حکومت، پی سی بی الیکشن کمشنر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔