• news

فیول ایڈجسٹمنٹ : بجلی ایک روپے 25 پیسے یونٹ مزید مہنگی 

 اسلام آباد(نا مہ نگار)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپر) نے ڈسکوز صارفین کے لیے بجلی 1 روپے 25 پیسے یونٹ اضافے کی منظوری دےدی۔ڈسکوز کے مالی سال 23-2022 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی گئی ہے۔نیپرا کے مطابق اس کا اطلاق جولائی، اگست اور ستمبر 2023 کے ماہ کے بلوں پر ہوگا، ڈسکوز نے نیپرا کو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی درخواست دی تھی، اتھارٹی نے ڈسکوز کی درخواست پر 24 مئی کو عوامی سماعت کی تھی۔اس سے قبل صارفین سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں 47 پیسے ایوریج فی یونٹ چارج کیا جا رہا تھا جو کہ جون 2023 تک تھا۔فیصلے کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا جبکہ اسکا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔سی پی پی اے اور کے الیکٹرک نے نیپرا کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواستیں دے دیں جبکہ نیپرا نے ڈسکوز کے لیے تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دے دی۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپر)کےمطابق بجلی صارفین پر 32 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی جس میں نیپرا مئی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے لیے سماعت آج کرے گا۔نیپرا اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کے الیکٹرک اورسینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے )نے درخواستیں مئی کی فیول پرائس کے لیے جمع کرائی ہیں۔نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک نے فی یونٹ بجلی ایک روپے 49 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ ڈسکوز صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 2 روپے 5 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔نیپرا کے مطابق درخواستوں کی من وعن منظوری کی صورت میں ڈسکوز صارفین پر 29 ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا اور درخواست منظوری کی صورت میں کے الیکٹرک صارفین پر 3 ارب روپے سے زیادہ کا بوجھ پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن