• news

دوسرے روز بھی بمباری ، فلسطینی شہدا 10، زخمی 120: عالمی برادری اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کو رکوائے ، پاکستان 

جنین‘ جدہ ‘اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی+ این این آئی) مغربی کنارے کے جنین کیمپ پر اسرائیلی جارحیت دوسرے روز بھی جاری رہی۔ فلسطینی وزارت صحت نے جانی نقصانات کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق دو روز میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 10 فلسطینی نوجوان شہید ہو گئے۔ تمام فلسطینی شہیدوں کی عمریں 16 سے 23 برس کے درمیان ہیں۔ اسرائیلی جارحیت کے دوران 120 فلسطینی زخمی ہوئے جن میں 20 کی حالت نازک ہے۔ عرب لیگ، خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور عرب ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔ اردن کی وزارت خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کی مسلسل بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کی ہے، جن میں سے تازہ ترین کارروائی آج صبح جنین شہر پر کی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بیان میں، وزارت نے تشدد کی لہر کے تسلسل سے خبردار کیا، اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدام کرے۔ اسرائیلی فوج کے جنین کیمپ پر حملے کے بعد 500 سے زیادہ خاندان کیمپ چھوڑگئے ہیں۔ ہلال احمر نے کہا کہ حملوں کی وجہ سے سڑکیں بند ہو گئیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کیمپ میں جانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ جنین کے کیمپ پراسرائیلی فورسز کے حملے کے بعد مغربی کنارے میں مظاہروں کی کال دی گئی ہے۔ بمباری کے بعد اسرائیلی فوج نے بکتر بند فوجی بلڈوزروں کے ساتھ جنین شہر پر کئی اطرف سے حملہ کیا۔ جنین کیمپ کا محاصرہ کرلیا اور شہر اور کیمپ کو ملانے والی سڑکوں کوبند کردیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقے جنین میں اسرائیلی فوج کے چھاپوں اور فضائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز حملوں میں 10 فلسطینی شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ فلسطین کے عوام کے خلاف تشدد کی یہ تازہ لہر فوری ختم ہونا چاہیے۔ عالمی برادری اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کو رکوانے اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور جائز جدوجہد کیلئے حمایت کا اعادہ کرتا ہے، خود مختار فلسطینی ریاست کیلئے اپنے مطالبے کی تجدید کرتے ہیں۔



ای پیپر-دی نیشن