ماشل لا کیخلاف آج یوم سیاہ، 77 ءمیںلالچی ٹولے نے ملک اندھیرے میں دھکیلا : زرداری ، بلاول
لاہور اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ملک بھر مےں آج 5 جولائی بھٹو حکومت کا تختہ الٹنے اور ضیاءمارشل لاءکے خلاف 46واں یوم سیاہ منایا جائے گا۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ آئین شکنی کے خلاف پیپلز پارٹی ملک بھر میں 5جولائی یوم سیاہ ترین کے طور پر مناتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی صوبائی اور ذیلی دفاتر گھروں گاڑیوں پر سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے۔عوامی مینڈیٹ کی توہین کے مرتکب مجرمین آئین شکنوں کی مذمت کی جائے گی۔ پیپلز لائرز فورم عہدیداران ملک بھر کی بار رومز کے سامنے بھٹو شہید نظرثانی ریفرنس فوری سماعت کیلئے مظاہرے کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن عہدیدار اپنے بازوو¿ں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر یوم سیاہ منائیں گے۔ قائم مقام صدر پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب رانا محمد فاروق سعید نے تمام ڈویژنل/ضلعی/شہری اور تحصیل تنظیموں کے ساتھ ساتھ الائیڈ ونگز، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی ورکرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ 5 جولائی 2023 کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ پارٹی آفسز میں سیاہ پرچم لہرایا جائے گا اور پارٹی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے 5 جولائی 1977 کو قومی تاریخ کا ایک یومِ سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا رہے گا کہ اقتدار کی بھوک میں مبتلا ایک آمر نے کس طرح مذہب کی آڑ میں پوری قوم کو انتہا پسندی، دہشتگردی، کلاشنکوف اور ڈرگ کلچر کی دلدل میں دھکیل دیا تھا، جن سے 46 سال گذرنے کے بعد بھی ہم تاحال مکمل طور جان نہیں چھڑا سکے۔ 5 جولائی 1977ع کو آمر جنرل ضیاءالحق نے پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم اور مقبول ترین عوامی لیڈر شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت غیرآئینی طور خاتمہ کرکے اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا اور شہریوں کے بنیادی حقوق سے محروم کر دیا تھا۔ میڈیا سیل بلاول ہاﺅس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ آمر ضیاءپاکستان کے آئین اور پاکستانی قوم کا مجرم ہے۔ جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کرنے والوں پر جو مظالم ڈھائے گئے، اس پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 5جولائی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ اقتدار کے لالچی ٹولے نے وطن کی آزادی، خودمختاری اور خودداری کو پامال کرتے ہوئے پاکستان کو اندھیرے کے طرف دھکیل دیا تھا۔ پیغام میں کہا پاکستان آج تک 5جولائی 1977 کے اقدام کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے باوقار اور ایٹمی پاکستان کی تعمیر کی تھی اور پاکستان تیز رفتاری سے ترقی کی منزلیں طے کر رہا تھا۔ آصف علی زرداری نے 1973 کے آئین اور جمہوریت کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جمہوریت کی بحالی کے لئے پھانسیاں، کوڑے، قید اور تشدد برداشت کرنے والوں کو سرخ سلام پیش کیا۔ سابق صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے لئے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی فلاسفی مشعل راہ ہے۔ ہم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا آزاد، خودمختار اور باوقار پاکستان تعمیر کریں گے۔