ڈالر مزید 10 روپے گر گیا ، سونا 2200 روپے تولہ سستا
کراچی (کامرس رپورٹر+نیٹ نیوز + این این آئی) انٹر بنک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔ پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدے کے بعد جہاں سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور ہنڈریڈ انڈیکس 2246 پوائنٹس ریکارڈ اضافے کے ساتھ 43 ہزار 899 پر بند ہوا وہیں گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی اور ڈالر 5 روپے تک سستا ہوا اور 285 روپے کا ہو گیا۔ منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی انٹر بنک میں روپے کے سامنے ڈالر نیچے آگرا اور کاروبار شروع ہوتے ہی ڈالر کی قیمت میں 7 روپے 71 پیسے کمی ہوگئی جس کے بعد ڈالر 277 روپے 78 پیسے پر فروخت ہوا۔ کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوئی اور ڈالر مجموعی طور پر 10 روپے 43 پیسے سستا ہو کر 275 روپے 56 پیسے کا ہو گیا۔ کاروبار کے اختتام پر انٹر بنک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے 55 پیسے سستا ہو کر 275.44 روپے کا ہو گیا۔ انٹربنک کے اس سے قبل کاروباری سیشن میں ڈالر 285.99 روپے پر بند ہوا تھا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 7 روپے سستا ہوکر 278 روپے کا ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز ایک تولہ سونا 2200 روپے سستا ہو گیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 2200 روپے کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کا بھا¶ 2 لاکھ 5 ہزار روپے ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت 1887 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 75 ہزار 754 روپے ہے۔ عالمی بازار میں سونے کی قیمت 17 ڈالر کم ہو کر 1929 ڈالر فی اونس ہے۔ ادھر فاریکس ایکسچینج ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے سٹاک کے چھکے چھڑا دیئے ہیں۔ اب ہوسکتا ہے کہ ڈالر 270 سے کم ہو جائے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کا جیسے ہی آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوا ہے اس کے بعد ڈالر کا ریٹ نیچے آیا ہے، جن لوگوں نے اس امید پر ڈالر روکے تھے کہ ڈالر 500 روپے تک جائے گا تو ان کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ بلوم برگ بھی کہہ رہا ہے کہ پاکستانی روپیہ 240 تک آسکتا ہے۔ پاکستان کے اچھے دن آنے والے ہیں کیونکہ پاکستان نے ایک اچھے فیصلے کیے ہیں۔ سی پیک پر بھی چین بہت مطمئن ہے۔ چین نے احسن اقبال کو مسٹر سی پیک قرار دیا ہے۔ آئندہ دنوں میں معیشت بہتر ہوگی اور سٹاک بھی مضبوط ہو گا۔
ڈالر/ سونا