• news

 بھٹو کی حکومت کا تختہ نہ الٹا جاتا تو آج پاکستان معاشی کشمکش کا شکار نہ ہوتا:اسلم گل

لاہور(نامہ نگار )پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا ہے کہ 5جولائی کو ایک ڈکٹیٹر کی طرف سے ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کا تختہ نہ الٹا جاتا تو آج پاکستان اس معاشی کشمکش کا شکار نہ ہوتا۔ ایک آمر نے ہوس اقتدار کا شکار ہو کر بھٹو کی منتخب اور جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر سر زمین آئین کو بے آئین بنا دیا۔اسلم گل نے کہا پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کے چاروں ڈسٹرکٹس میں آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منایا جائیگا اور میں بذات خود تمام ڈسٹرکٹس میں جا کر ان تقریبات میں شرکت کرونگا۔ڈسٹرکٹ ون میں زاہد ذوالفقار۔میر شکیل چنی اور سید جاوید شاہ۔کی قیادت میں شوالہ چوک باغبانپورہ میں یوم سیاہ کی تقریب 4بجے، ڈسٹرکٹ 3 میں عاطف رفیق چودھری،اور اسلم گڑا کی قیادت میں فیروز پور روڈ پر 5بجے،ڈسٹرکٹ 2میں آصف ناگرہ،چودھری اکرم۔کمبوہ اور شاہد عباس کی قیادت میں پی ایم جی چوک نزد ناصر باغ میں ساڑھے5بجے اور ڈسٹرکٹ فور کے صدر امجد جٹ کے زیر اہتمام شام 6بجے علی رضا آباد رائیونڈ روڈ پرتقریب ہو گی۔ جسمیں تمام ذیلی ونگز بھر پور شرکت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن