• news

کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 24 ویں برسی ،مزار پر تقریب، کور کمانڈر پشاور کی شرکت

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 24 ویں برسی منائی گئی۔ شہید کے مزار پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات سمیت دیگر عسکری کمانڈروں نے شرکت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل شیر خان شہید کے بھتیجے نے کہا کہ کرنل شیر خان شہید کی زندگی اور شہادت ان کے لیے ایک مثال ہے جبکہ انہوں نے بہادری کے ساتھ دشمن کے سامنے سینہ تان کر ڈٹ کر مقابلہ کیا اور جام شہادت نوش کیا۔ کپیٹن کرنل شیر خان ملٹری اکیڈمی سے براہ راست 27 سندھ رجمنٹ میں تعینات ہونے والے پہلے افسر تھے۔ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو کارگل معرکے میں شہادت کا درجہ پاکر زندہ جاوید ہونے پر پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔ وہ 1996 میں کیپٹن بنے، کرنل شیر خان شہید ایک ممتاز فائرر، نشانہ باز بھی تھے۔ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے 24ویں یوم شہادت پر فوج اور عسکری قیادت نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان کی بے مثال بہادری ہمارے لیے مشعل راہ ہے، شہداءکی قربانیاں ہمیں اتحاد اور یگانگت کا درس دیتی ہیں۔ جو قومیں اپنے شہداءکی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہوجاتی ہیں۔
 کرنل شیر خان برسی

ای پیپر-دی نیشن