9مئی واقعات کی مذ ت،حبیب اللہ کنڈی ، عرفان کنڈی نے پارٹی چھوڑ دی
اسلام آباد (خبر نگار) سابق صوبائی وزیرکے پی حبیب اللہ کنڈی اور صدر پی ٹی آئی ضلع ٹانک عرفان کنڈی نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دونوں راہنماﺅں کا کہنا تھا کہ نو مئی پاکستان کی سیاست کا سیاہ دن ہے۔ اس دن شہداءکی یادگاروں کی جس طرح بے حرمتی کی گئی اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پاک فوج پاکستان کی سلامتی کا ادارہ ہے۔ نو مئی کے واقعات نے محب وطن پاکستانیوں کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ہم حقیقی آزادی کیلئے عمران خان کے ساتھ ملے تھے مگر یہ نہیں جانتے تھے کہ وہ حقیقی آزادی مولانافضل الرحمان سے چاہتے ہیں اور اس کی آڑ میں فوج پر حملے کئے جائینگے۔ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی کامیابی میں پرویز خٹک کی محنت شامل ہے۔ دونوں راہنماﺅں نے پارٹی عہدے اور پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ اپنا آئندہ کا لائحہ عمل دوستوں اور اہل علاقہ کے ساتھ مشاورت سے طے کریں گے۔