• news

خیبر میں آپریشن کے دوران میجر شہید، 3دہشتگرد اور سہولت کار گرفتار

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) صوبہ خیبرپی کے میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر میاں عبداللہ شاہ شہید ہوگئے۔ جبکہ تین دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ رات ضلع خیبر کے علاقے شکاس میں  دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔ دہشت گردوں کے فرار کے راستوں کو بند کرنے کے لیے ناکہ بندیوں کا عمل جاری تھا۔ اس دوران میجر عبداللہ کی دہشت گردوں کے ایک گروہ پر نظر پڑی جس پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر میاں عبداللہ شاہ شہید ہوگئے۔ علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں آپریشن کلین اَپ کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ دریں اثناء  میجر اور دیگر تین اہلکاروں کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہید میجر میاں عبداللہ شاہ، نائب صوبیدار صاحب خان، نائیک محمد ابراہیم اور سپاہی جہانگیر خان کی نماز جنازہ کوہاٹ، میانوالی، ڈیرہ اسماعیل خان اور مردان میں ان کے آبائی علاقوں میں ادا کر دی گئی۔ نائب صوبیدار صاحب خان، نائیک محمد ابراہیم اور سپاہی جہانگیر خان نے میران شاہ کے قریب خودکش حملے میں شہادت قبول کی جبکہ میجر میاں عبداللہ شاہ نے ضلع خیبر کے علاقے میں آپریشن کے دوران شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔ بیان کے مطابق نماز جنازہ میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسروں/ سپاہیوں، عزیز و اقارب اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن