• news

بے نظیر کی قبر پر حاضری، وطن دشمنوں کیخلاف قوم بہادر فوج کے ساتھ: زرداری

گڑھی خدا بخش‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کسانوں کو کپاس کیلئے اعلانیہ نرخ نہ ملنے پر آصف زرداری نے اظہار تشویش کیا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ کسانوں کو اعلانیہ امدادی قیمت 8500 روپے فی من کے مطابق ادائیگی نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے زور دیا کہ وفاقی حکومت کسانوں کو کپاس کے اعلانیہ نرخ دلوانے کیلئے اقدامات کرے اور آبادگاروں اور کسانوں کی مایوسی دور کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ صوبائی حکومتیں بھی کاشتکاروں کو ان کا پورا حق  دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ میں سندھ حکومت کو ہدایت کرتا ہوں کہ کسانوں کو ان کا حق دلوانے کیلئے اقدامات کرے۔ آصف علی زرداری گزشتہ روز فریال تالپور کے ہمراہ گڑھی خدا بخش پہنچے۔ انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ آصف زرداری نے مزاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ زرداری نے خیبر میں میجر میاں عبداللہ کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں صوبیدار صاحب خان نائیک محمد ابراہیم اور جہانگیر کی شہادت پر اظہار افسوس  کیا۔ انہوں نے  کہا کہ افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں کا خون رائیگاں نہیں ہو گا۔ دھرتی ماں کے دشمنوں کے ناپاک وجود کا خاتمہ ہوکر رہے گا۔ وطن دشمنوں کے خاتمے کی جنگ میں قوم اپنی بہادر فوج کے ساتھ ہے۔ دھرتی کو دہشت گردوں سے ایسے پاک کیا جائے گا جیسے سوات کو دہشت گردوں سے پاک کیا تھا۔ آصف علی زرداری کا میجر میاں عبداللہ شہید کے خاندان سے اظہار تعزیت  کیا۔ آصف علی زرداری کی شہید صاحب خان، شہید محمد ابراہیم اور شہید جہانگیر خان کے خاندانوں سے بھی اظہار تعزیت کیا۔

ای پیپر-دی نیشن