کشن گنگار، تلے ڈیمز تنازعہ: عالمی ثالثی عدالت میں پاکستان کی بڑی کامیابی ، درخواست پر بھارتی اعتراض مسترد
اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان کو بین الاقوامی محاذ پر بھارت کے خلاف بڑی کامیابی ملی ہے۔ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بین الاقوامی فورم ’’ہیگ میں قائم پرمننٹ کورٹ آف آربٹریشن‘‘ (پی سی اے) نے پاکستان کی جانب سے دی گئی درخواست پر پاکستانی مؤقف قبول کرتے ہوئے عدالت کے دائرہ اختیار سے متعلق بھارتی اعتراضات مسترد کردیئے۔ اور پاکستان کی درخواست کو قابل سماعت قرار دے دیا ہے۔ پی سی اے کی جانب سے پاکستانی مؤقف کہ پرمننٹ کورٹ آف آربٹریشن کے پاس بھارت کی طرف سے کشن گنگا اور رتلے ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹس کے ڈیزائن کی تبدیلی کے حوالے سے بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعہ کا تعین کرنے کا اختیار ہے، کو قبول کرلیا گیا ہے۔ بھارتی اعتراض مسترد کیے جانے کے بعد بین الاقوامی عدالت پاکستان کے اس دعوے کی میرٹ پر سماعت شروع کرے گی کہ مذکورہ بالا دونوں منصوبوں کے ڈیزائن 1961ء کے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔ ایڈووکیٹ زوہیر وحید اور ایڈووکیٹ لینا نشتر سمیت بیرسٹر احمد عرفان اسلم نے پی اے سی میں پاکستان کے ایجنٹ کے طور پر کام کیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر بین الاقوامی فورم پر اپنی شکایت درج کروائی تھی، جس پر بھارت نے روایتی حربے اختیار کرتے ہوئے بین الاقوامی عدالت کے اس سلسلے میں مجاز فورم ہونے پر اعتراضات عائد کئے تھے۔ پاکستان کی درخواست پر بھارتی اعتراضات کے حوالے سے پی سی اے نے 13 مئی کو اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔