سویڈن واقعہ میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے: چرچ آف پاکستان
لاہور (نیٹ نیوز) چرچ آف پاکستان نے قرآن مجید کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سویڈن حکومت سے واقعے میں ملوث تمام افراد اور مرکزی ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔ چرچ آف پاکستان کے بشپ اور سینئر قیادت نے پاکستانی مسیحی برداری کی نمائندگی کرتے ہوئے قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے پر سویڈن کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دانستہ کارروائیوں میں ملوث افراد کو روکے اور قصور واروں کو سخت سزا دے کر اس بات کو یقینی بنائے کہ سویڈن کی سرزمین اشتعال انگیز کاموں کے لیے استعمال نہ ہو۔ قرآن پاک کی بے حرمتی کا اقدام دنیا اور مذاہب کے درمیان تفرقہ ڈالنے کے عزائم کی ایک کڑی ہے تاکہ امن و امان کی صورت حال کو خراب کیا جائے اور واقعے کی آڑ میں کچھ عناصر اپنے مذموم مقاصد پورے کریں۔ چرچ آف پاکستان کے تمام 7 بشپس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر وہ شخص جو مقدس کتابوں پر یقین رکھتا ہے وہ کسی بھی عقیدے کے مقدس صحیفوں کی بے حرمتی جیسے مکروہ فعل کو معاف نہیں کرسکتا۔