وزرا بارش، ممکنہ سیلان کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں: محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گنگا رام ہسپتال کی ایمرجنسی کا دورہ کیا اور مزنگ ہسپتال سے ملحقہ عمارت کی دیوار گرنے کے باعث ویٹنگ ایریا کی چھت گرنے سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ محسن نقوی نے ایم ایس گنگا رام ہسپتال کو ہدایت کی کہ زخمیوں کی مکمل دیکھ بھال کی جائے اور علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مزنگ ہسپتال سے ملحقہ شادی ہال کی دیوار گری جس سے زخمی ہونے والے 14 افراد کو گنگا رام ہسپتال لایا گیا جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ شادی ہال کے مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ شہر بھر میں نکاسی آب کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔ صوبائی وزراء کو بارش اور ممکنہ سیلاب کی صورتحال کی مانیٹرنگ کے لئے ڈویژن الاٹ کر دیئے ہیں۔ 8 صوبائی سیکرٹریز متعلقہ زونز میں واسا کی کارکردگی اور نکاسی آب کی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اورمحکمہ جیل خانہ جات کے درمیان 10مزید جیلوں میں قیدیوں کو ٹیکنیکل کورسز کرانے کا معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ معاہدے کے تحت پنجاب کی مزید 10 جیلوں میں قیدیوں کو 16ٹیوٹا کورسز کرائے جائیں گے۔ 3سے 6ماہ کے کورسز کے اختتام پر قیدیوں کو سرٹیفکیٹ دیا جائے گا اور سزا میں رعایت مل سکے گی۔ محسن نقوی کی زیر صدارت جیل ریفارمز سے متعلق قیدیوں کیلئے جیلوں میں یوٹیلٹی سٹورز کے قیام کی تجویز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے ضلع خیبر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید میجر عبداللہ شاہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید میجر عبداللہ شاہ نے وطن عزیز کے امن کے لئے اپنی قیمتی جان نچھاور کی۔ میران شاہ میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فوج کے 3 جوانوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ پاک وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانیں دے کر دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنایا۔ محسن نقوی نے کامونکی میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے کے واقعہ میں خاتون اور 2 بچیوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چونگی امر سدھو میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسو س کا اظہار کیا ہے۔