• news

نواز شریف کی بریت پی ٹی آئی دور میں سیاسی انتقام کا ثبوت: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ  محمد نواز شریف کا احتساب عدالت لاہور میں پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں بری ہونا اس بات کا مظہر ہے کہ پی ٹی آئی دور میں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ نواز شریف کے خلاف اس کیس میں کسی قسم کی کرپشن سامنے نہیں آئی۔ لوڈ شیڈنگ کا واویلا کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ نواز شریف 14 ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں فراہم کر کے گئے تھے۔ پی ٹی آئی دور میں ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہیں ہوئی۔  یہ فیصلہ ان لوگوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے جو پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانیہ پر یقین رکھتے ہیں۔ پی ٹی آئی دور میں نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ذریعے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لئے قومی احتساب بیورو کو استعمال کیا گیا۔  نواز شریف اور ان کے خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا عمل ’’پانامہ کو اقامہ‘‘ میں تبدیل کرنے سے شروع ہوا۔ شہزاد اکبر آج پاکستان میں کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔ انہوں نے جو الزامات لگائے وہ ثبوت عدالتوں میں پیش نہیں کر سکے اور آج عدالتوں کے اندر نیب کے پراسیکیوٹر ان کے خلاف گواہی دے رہے ہیں۔ نیب پر دبائو ڈال کر نواز شریف کے خلاف جعلی کیسز بنائے گئے۔  نواز شریف نے 2017 سے 2022 تک نہ صرف اپنا بلکہ اپنی بیٹی، اپنے بھائی اور اپنے بھائی کی فیملی کا حساب دیا۔  پچھلی حکومت سیاسی انتقام لینے کی بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیتی تو آج ملک میں لوڈ شیڈنگ نہ ہوتی۔  نواز شریف کے حوالے سے حالیہ فیصلوں سے ثابت ہوا ہے کہ کس طرح عمران خان کو اقتدار میں لانے اور نواز شریف کو سیاسی میدان سے نکالنے کی کوشش ہوئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن