• news

مذہبی توہین کی روک تھام کیلئے عالمی ادارے سخت اقدامات کریں:راغب نعیمی

لاہور (خصوصی نامہ نگار )دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ و چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے  سویڈن کی طرف سے قرآن مجید جلانے کا واقعہ قابل مذمت ہے۔ مذہبی توہین کے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی ادارے سخت اقدامات کریں۔ متحدہ علماء بورڈ پنجاب اس افسوسناک واقعہ پر رنجیدہ اور اس کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے ممبران مفتی محمد رمضان سیالوی، مولانا محمد علی نقشبندی، حافظ عبدالغفار روپڑی، پروفیسر ظفر شفیق اور پروفیسر ضیاء اللہ شاہ بخاری سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس مذموم فعل کے خلاف انتہائی سخت مؤقف اختیار کرے کیونکہ یہ آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ دہشت گردی ہے۔ اسلامو فوبیا کے تدارک کیلئے مسلم امہ کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔یہ ایک اچھا شگون ہے کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے فوری طور پر اجلاس طلب کیا لیکن اس طرح کے مذموم اقدامات کر روکنے کیلئے ساری دنیا کو متفقہ حکمت عملی بنانا ہو گی۔قرآن پاک یا کسی اور مقدس کتاب کی بے حرمتی جرم ہے۔ دنیا کے کسی بھی حصے میں ایسے اقدامات کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن