ایف سی کالج یونیورسٹی :خواتین کی غیر معمولی کامیابیوں کا جشن
لاہور(لیڈی رپورٹر)ایف سی کالج یونیورسٹی اپنے ادارے سے وابستہ 3 قابل ذکر خواتین کی غیر معمولی کامیابیوں کا جشن منانے میں بہت فخر محسوس کرتا ہے۔ فارمن سکول آف مینجمنٹ کی مریم قاسم خان، شعبہ سوشیالوجی کی چیئر پرسن ڈاکٹر سارہ رضوی جعفری اور ایف سی سی یو کی موجودہ طالبہ ایشا مہتاب نے اپنے اپنے شعبوں میں غیر معمولی صلاحیتوں اور تبدیلی لانے والی قیادت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی شاندار کامیابیاں نہ صرف ان کی ذاتی ذہانت کی عکاسی کرتی ہیں بلکہ خواتین کو بااختیار بنانے اور بہترین کارکردگی کو فروغ دینے کیلئے یونیورسٹی کے عزم کی بھی عکاسی کرتی ہیں۔ مریم قاسم خان کو ویمن ان مینجمنٹ ٹاپ 50 گلوبل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ جس نے دنیا بھر کی 500 غیر معمولی خواتین کاروباری افراد کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر اور شعبہ سوشیالوجی کی چیئر ڈاکٹر سارہ رضوی جعفری نے سماجی علوم کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی تازہ ترین کتاب ’’پاکستان میں خواتین کیلئے سماجی پالیسی‘‘ (میک ملن، 2023) پاکستانی خواتین کو درپیش پالیسی چیلنجوں کے بارے میں گہری بصیرت فراہم کرتی ہے۔عالمی سطح پر 22 سالہ طالبہ اور خواتین کو بااختیار بنانے اور ذ ہنی صحت کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی پرجوش وکالت کرنے والی ایشا مہتاب کو سماجی عمل یا انسانی ہمدردی کی کوششوں کیلئے ڈیانا ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ویلز کی شہزادی ڈیانا کی یاد میں قائم کیا جانے والا یہ ایوارڈ ایشا کے پاکستان میں شاندار کام کا اعتراف ہے۔ ایک چیلنجنگ پس منظر سے تعلق رکھنے والی اور ہراسانی کا سامنا کرنے والی ایشا نے 17 سال کی عمر میں ’’دی مرر‘‘کی شریک بانی کی، جس نے خواتین کو اعتماد کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کرنے کیلئے ایک طاقتور پلیٹ فارم فراہم کیا۔