22 سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عوام کیلئے کھولنے کا فیصلہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نوازشریف سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ اور سوشل سکیورٹی ہسپتال فیروز پور روڈ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی اور طبی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ مریضوں اور ان کے تیمارداروں نے نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال میں فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ڈاکٹرز بھی موجود ہیں اور مفت ادویات بھی مل رہی ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبے کے 22 سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عوام کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت اور پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے درمیان معاہدہ ہوگا۔ محسن نقوی نے نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال میں برن یونٹ اور معذور ورکرز کیلئے بحالی سنٹر بنانے کا اعلان کیا۔ ہسپتال میں ایم آر آئی مشین بھی نصب کی جائے گی۔ رحمة للعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ورکرز کے ساتھ عوام بھی علاج کرا سکیں گے۔ ہسپتال میں 50 مزید بستروں کا اضافہ کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے رحمة للعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظارگاہ کے باہر نئی سرائے بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نئی سرائے جناح ہسپتال کی سرائے کی طرز پر بنائی جائے اور مریضوں کے تیمارداروں کیلئے نئی سرائے میں بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ محسن نقوی نے پرانی وہیل چیئرز کی جگہ نئی وہیل چیئرز خریدنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایمرجنسی میں دل کے مریضوں کیلئے جان بچانے والے انجکشن کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ نے سوشل سکیورٹی ہسپتال فیروز پور روڈ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی کی نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال میں زیرعلاج بچی ہانیہ سے ملاقات کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ محسن نقوی چلڈرن وارڈ میں بچوں کی خیریت دریافت کر رہے تھے۔ ایک بیڈ پر گئے اور بچی ہانیہ سے شفقت کا اظہار کیا۔ ننھی منی ہانیہ نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا ہاتھ پکڑ لیا اور کافی دیر تک انگلی تھامے رکھی۔ علاوہ ازیں معروف بزنس مین گوہر اعجاز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بھی جناح ہسپتال کی طرز پر نئی سرائے (مہمان خانہ) تعمیر کریں گے اور یہ سرائے 120 روز میں مکمل کی جائے گی۔ محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نئی سرائے کی سائٹ کا دورہ کیا اور نئی سرائے کی تعمیر جلد شروع کرنے کیلئے ہدایات دیں۔ محسن نقوی سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا انتظار حسین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے وکلاءبرادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے مسائل ترجیحی بنیادں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت وکلاءبرادری کی فلاح وبہبود کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ محسن نقوی نے لاہور بار ایسوسی ایشن کو مالی اعانت کا چیک بھی دیا۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ معاشرے میں اسلامو فوبیا کی کوئی جگہ ہے نہ ہی نفرت کے پیروکار افراد کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایسے قابل مذمت واقعات سے مذہبی رواداری اور پر امن بقائے باہمی کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔