• news

نواز شریف کے نوجوان کو مستقبل کا معمار بنانے کے ویژن پر شہباز شریف عمل پیرا : مریم اورنگزیب 

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قائد نواز شریف کی نوجوانوں کو مستقبل کا معمار بنانے اور انہیں ترقی سے ہمکنار کرنے کے وژن پر پھر سے عملدرآمد شروع کر دیا ہے، علم سے محبت کرنے والے نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی تقسیم کا آج پھر سے اس دعا کے ساتھ آغاز ہو رہا ہے کہ ”نوجوان ترقی کا چھو لیں آسماں“۔ جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ وہ پروگرام ہے جسے فتنہ، فساد اور انتشار کے منصوبہ ساز نے ”سیاسی رشوت“ کہہ کر علم دشمنی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی، تعلیم، ہنر سے آراستہ کرنے، روزگار، کاروبار کے لئے سرمایہ فراہم کرنے صحت مند بنانے کے لئے کھیل اور مثبت سرگرمیوں میں شمولیت کی روشنی ہے جو اس سیاہ سوچ کو مٹائے گی جو نوجوانوں کو مر جانے، مار دینے، جلانے کی طرف اکساتی ہے۔ اپنے مذموم عزائم کے لئے نوجوانوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ کی بجائے پٹرول بم، بندوق، غلیل، پتھر اور ڈنڈے تھماتی ہے۔ عمارتوں، قومی اداروں پر حملے، شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی کراتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی کے ڈائریکٹر پروگرامز اکبر ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے اکبر ملک کے اہل خانہ اور بچوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹی وی کیلئے خدمات پر اکبر ملک مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اکبر ملک ایک پروفیشنل، ہر ایک کے ساتھ شفقت اور احترام سے ملنے والی شخصیت تھے۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک بھر کے پریس کلبوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے وزارت اطلاعات اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔ یہ بات انہوں نے ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر راجہ ہارون اور سیکرٹری جنرل راجہ منیر کی قیادت میں صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مرتضیٰ جاوید عباسی بھی موجود تھے۔ وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات کو درپیش مشکلات کے بارے آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے۔ ایبٹ آباد پریس کلب کا شمار ملک کے اہم اور ذمہ دار پریس کلبز میں ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ایبٹ آباد پریس کلب میں فوری طور پر کمپیوٹر لیب اور سٹوڈیو کے قیام کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد پریس کلب کو اعلان کردہ گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن