• news

گجرات‘ ساہیوال میں توہین قرآن کے خلاف احتجاج کرنے والے 18 پی ٹی آئی کارکن گرفتار

ساہیوال‘ گجرات‘ پشاور (نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) گجرات اور ساہیوال سے توہین قرآن کے خلاف احتجاج کرنے پر پولیس نے 18 سے زائد پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے خلاف  نکالی جانے والی پاکستان تحریک انصاف کی ریلی پر گجرات پولیس نے بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مارا۔ ایک درجن کے لگ بھگ کارکنان پکڑے گئے۔ تفصیل کے مطابق کچہری روڈ سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے پارٹی پرچم تھام کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے اور سویڈن حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ریلی نکالی جو گجرات پریس کلب  کے باہر پہنچی جہاں سول وردی میں ملبوس ڈنڈا بردار پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو بیشتر کارکنان بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ایک درجن سے زائد کارکان کو دھر لیا گیا۔ ساہیوال ہائی سٹریٹ پر مسجد نور کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنان سویڈن میں قرآن مجید  کی توہین کے خلاف احتجاج کیلئے کھڑے تھے کہ پولیس نے بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کر سابق چیئرمین پی ایچ اے سید رضوان مظفر شاہ‘ میاں نوید اسلم‘ عمران غزالی سمیت 6 کارکنان کو حراست میں لیکر تھانہ سٹی بند  کر دیا۔ پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان کو احتجاج کرنے کی اجازت نہیں۔ ادھر لکی مروت میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کے خلاف کریک ڈائون ہوا۔ متعدد رہنما گرفتار کر لئے گئے۔ جمعہ کی صبح پی ٹی آئی ضلعی صدر جوہر خان اور نائب صدر عرب خان کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا‘ لیکن وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ اسی طرح پی ٹی آئی تحصیل لکی مروت کے صدر ڈاکٹر اقبال مروت کے گھر پر بھی چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما اور چیئرمین پی ٹی آئی کے پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ شریف اللہ  کے گھر بھی چھاپہ مارا گیا‘ لیکن وہ گھر پر موجود نہیں تھے‘ تاہم پولیس ان کے بڑے بھائی کو اپنے ساتھ لے گئی۔ پی ٹی آئی رہنما کو افغانستان فرار ہوتے ہوئے طورخم بارڈر سے گرفتار کر لیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما عبدالباسط چودھری پاک افغان سرحد گزرگاہ سے فرار ہو رہے تھے۔ عبدالباسط راولپنڈی سے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے چودھری امجد محمود کے صاحبزادے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن