لاہور پولیس کو مطلوب قتل سمیت دیگر جرائم کے6 ملزم امارات سے گرفتار
لاہور(آئی این پی) پولیس کو مطلوب قتل سمیت دیگر جرائم کے ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا گیا،ایف آئی اے نیشنل سینٹرل بیورو انٹرپول پاکستان نے بڑی کارروائی کرکے پنجاب پولیس کو مطلوب 6ملزمان کو امارات سے گرفتار کر کے سیالکوٹ ائرپورٹ منتقل کر دیا۔ گرفتار ملزمان میں قمر شہزاد، توقیر بٹ، بوستان حسن، صائم زیب، وقار عظیم اور نسیم عباس شامل ہیں،ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف قتل، ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمات درج تھے۔ گرفتار ملزمان اٹک، وہاڑی، گوجرانوالہ، پاکپتن اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کو مطلوب تھے۔ ایف آئی اے(این سی بی)انٹرپول پاکستان نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیے تھے، جس کے بعد ایف آئی اے امیگریشن نے ملزمان کو متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا،ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول یو اے ای کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ این سی بی انٹرپول پاکستان نے گزشتہ سال ملزمان کی گرفتاری کے لیے 117ریڈ نوٹسز بھی جاری کیے۔ انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ گرفتار ملزمان کی بروقت حوالگی کے لیے ایف آئی اے امیگریشن کی خدمات قابل ستائش ہیں۔