سمبڑیال: آواران میں شہید محمد اویس کی نماز جنازہ، فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک
سمبڑیال (نمائندہ نوائے وقت) پاک آرمی کے 23سالہ نوجوان بلوچستان کے بارڈر آواران پر دشمنوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ شہید کے جسد خاکی کو پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کرتے ہوئے سپردخاک کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سمبڑیال کے موضع نئی آبادی بنگلہ کے رہائشی غلام مصطفی کا 23 سالہ بیٹا محمد اویس جو کہ تین سال قبل پاک آرمی میں بھرتی ہوا تھا۔ اور اس کی پوسٹنگ بلوچستان کے آواران بارڈر کے کھوڑو سیکٹر میں دشمنوں کے خلاف جوانمردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ ان کے جسد خاکی کو پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ نماز جنازہ میں بریگیڈئر علی سمیت دیگر پاک آرمی کے دستے نے شرکت کی اورشہید کی قبر پر صدر پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف، کورکمانڈر سمیت دیگر کمانڈر کی طرف سے پھولو ں کی چادر چڑھائی گئی۔ اس موقع پر بریگیڈئر علی نے شہید محمد اویس کے والد غلام مصطفی کو ان کے بیٹے کے یونیفارم اور اعزازات، پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر ان کے سپردکیا۔